ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ میں ہانگ کانگ نے عمان جبکہ نیپال نے افغانستان کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی۔
نشین میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔ حفیظ خان 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ عمان کی جانب سے محمد البلوشی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان سفیان محمود نے 35 گیندوں پر 26 جبکہ عبدالجلیل نے 28 گیندوں پر 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ہانگ کانگ کی جانب سے آیوش شکلا نے 3 جبکہ محمد غضنفر نے 2 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔دوسرے میچ میں گروپ اے میں افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنائے۔ فیصل خان احمدزئی اور نجیب اللہ زادران نے 30، 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیپال کی جانب سے کوشل بھورٹیل نے 4 جبکہ للت راجبنشی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔نیپال نے 103 رنز کا ہدف 17.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سندیپ جورا 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ روہت پوڈیل 33 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔دونوں گروپس کے آخری میچز کل کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں جاپان اور نیپال جبکہ دوسرے میچ میں ملائیشیا اور عمان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی، جہاں ان کا مقابلہ پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیموں سے ہوگا۔