18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی: منعم ظفر خان

18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی: منعم ظفر خان

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے الزام عائد کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے اور بعض علاقوں میں 18، 18 گھنٹے بجلی کی بندش سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ ان کے مطابق صرف 2 سے 3 فیصد صارفین بجلی کے بل ادا نہیں کر رہے، جبکہ ایسے صارفین کے خلاف کارروائی کرنا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند افراد کی وجہ سے پوری آبادی کی بجلی منقطع کرنا مناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث بچے، بزرگ اور خواتین سمیت شہری متاثر ہو رہے ہیں۔ منعم ظفر خان کے مطابق کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف کل سے 25 سے زائد مقامات پر احتجاجی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے آئی پی پیز سے متعلق بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بعض بجلی پیدا کرنے والے منصوبے بجلی پیدا نہیں کر رہے، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے انہیں اربوں روپے کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کے بقول بجلی کی پیداوار نہ ہونے کے باوجود عوام ان ادائیگیوں کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔