کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) نے اپنے سیاسی مفادات کے تحفظ کے لیے اتحاد قائم کیے، پی ڈی ایم سمیت دیگر سیاسی اتحاد عوامی فلاح و بہبود کے بجائے اقتدار کے حصول اور این آر او کے لیے بنائے گئے۔
سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کو عوامی خدمت کے بجائے اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا۔ادارہ نورِحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ ملک کی سیاسی تاریخ میں مختلف جماعتیں اپنے مفادات کے تحت ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد کرتی رہی ہیں۔ 2008 سے 2013 تک پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک دوسرے کی اتحادی رہیں، جبکہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف بھی پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) سمیت مختلف سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئینی دائرہ کار کے تحت صوبے میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ آئین کے مطابق اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھائی کو بھائی سے لڑانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔منعم ظفر خان نے موجودہ اسمبلیوں میں موجود ارکان کی عوامی نمائندگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مار کر مخصوص لوگوں کو مسلط کیا گیا۔
ان کا دعویٰ تھا کہ کراچی کی قومی اسمبلی کی 15 نشستوں میں سے 7 پیپلز پارٹی کو دے دی گئیں، جبکہ بلدیاتی حلقہ بندیوں اور انتخابی نتائج میں بھی دھاندلی کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج تبدیل کرکے کراچی کی میئرشپ پر قبضہ کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کا جاگیردارانہ ذہن شہروں اور شہریوں کے حقوق تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں، اسے نہ شہروں کی اہمیت کا احساس ہے اور نہ ہی سندھ کے عوام کے مسائل کی فکر ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے صوبے کی تعلیمی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں تعلیم کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے اور 70 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ صوبائی حکومت کے بھاری بجٹ کے باوجود تعلیمی صورتحال میں بہتری نظر نہیں آرہی، جبکہ عوامی مسائل مسلسل بڑھ رہے ہیں اور حکومتی کارکردگی کہیں دکھائی نہیں دیتی۔
انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود جماعت اسلامی کراچی کے 9 ٹاؤنز میں تعمیر و ترقی کے کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کے زیر انتظام علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔منعم ظفر خان نے کراچی کے سابق ناظم نعمت اللہ خان کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر جیسے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ جماعت اسلامی نے نعمت اللہ خان کے دور میں دیا تھا۔پریس کانفرنس کے دوران کراچی میں گیس کے بحران کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ کورنگی، لائنز ایریا اور شہر کے دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی کا کوئی مقررہ شیڈول نہیں، جبکہ بعض علاقوں میں گیس بالکل دستیاب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں خصوصاً خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گھروں میں بچوں کے لیے ناشتہ تیار کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے، جبکہ شہری کھانا پکانے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے مطالبہ کیا کہ سردیوں کے موسم میں شہریوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو روزمرہ زندگی میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔