کراچی میں امیر جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے حکومتی کارکردگی اور شہر کے مسائل پر سخت تنقید کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کرپٹ ہے اور مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہے، اور حکمران اپنی شاہانہ طرزِ عمل سے باز نہیں آ رہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس کے باہر جلسہ عام میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جس پر وہ اہل کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ مزدور سمیت عوام شدید پریشان ہیں، ایک عام آدمی فی لیٹر 130 روپے ٹیکس دے رہا ہے، جبکہ حکمران اپنے شاہانہ انداز کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دھرنا لوگوں کی آواز بن چکا ہے اور جاری رہے گا۔انہوں نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کرپٹ ہے اور مسائل حل کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے میئر کراچی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی منصوبے کے نام پر تاریخیں دی جاتی رہی ہیں، اور کئی منصوبے ابھی تک مکمل نہیں ہو سکے، جیسے کریم آباد انڈرپاس، منور چورنگی انڈرپاس، ریڈ لائن منصوبہ، نیپا جانے والی سڑک، اور گرین لائن۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اس تحریک کا حصہ بنیں، اور شہر کے ٹریفک اور سڑکوں کے مسائل پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے انتظامیہ کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، تاکہ شہر کو بہتر بنایا جا سکے۔