ایشین گیمز: اشعب عرفان نے بھارتی حریف کو ہرا کر میڈل پکا کر لیا

ایشین گیمز: اشعب عرفان نے بھارتی حریف کو ہرا کر میڈل پکا کر لیا

ایچی ناگویا میں جاری ایشین گیمز کے مینز سنگلز اسکواش ایونٹ میں پاکستان کے محمد اشعب عرفان نے بھارتی حریف ویر چوٹانی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، جس کے ساتھ پاکستان کا ایک اور میڈل بھی یقینی ہوگیا۔

کوارٹر فائنل میں محمد اشعب عرفان نے ویر چوٹانی کو 1-3 سے شکست دی۔ ان کی کامیابی کا اسکور 11-6، 8-11، 3-11 اور 3-11 رہا۔سیمی فائنل میں اشعب عرفان کا مقابلہ بھارت کے ٹاپ سیڈ کھلاڑی سے ہوگا۔پاکستان اسکواش ٹیم کے کوچ فہیم گل نے  گفتگو کرتے ہوئے اشعب عرفان کی کامیابی اور پاکستان کا ایک اور میڈل یقینی ہونے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں بھی اشعب سے بہترین کارکردگی کی امید ہے، جبکہ سیمی فائنل میں شکست کی صورت میں بھی وہ برانز میڈل حاصل کریں گے۔

فہیم گل نے کہا کہ پہلی گیم ہارنے کے بعد اشعب نے جس انداز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے کوارٹر فائنل اپنے نام کیا، وہ قابلِ تعریف کارکردگی ہے۔ اس کامیابی سے اشعب کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب ان کی کوشش ہوگی کہ سیمی فائنل جیت کر فائنل میں بھی رسائی حاصل کریں۔واضح رہے کہ ایشین گیمز میں پاکستان کو اب تک ویمنز کرکٹ ٹیم اور مکسڈ مارشل آرٹس کی 60 کلوگرام کیٹیگری میں عاصم خان برانز میڈل دلا چکے ہیں۔