پاکستان نے 20ویں ایشین گیمز ایچی ناگویا 2026 میں اپنا پہلا سلور میڈل حاصل کرلیا۔
مینز اسکواش ٹیم ایونٹ کے گولڈ میڈل میچ میں پاکستان کو ملائیشیا کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پہلے میچ میں امیشن راج چندرن نے ناصر اقبال کو 41 منٹ کے مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں ایون یونگ نے عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے ہرا دیا۔ یہ مقابلہ 53 منٹ تک جاری رہا۔سیمی فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ چائنا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ ملائیشیا نے ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دے کر اپ سیٹ کیا تھا۔
پاکستان اس سے قبل مینز اسکواش کے انفرادی ایونٹ میں دو برانز میڈلز بھی حاصل کرچکا ہے۔ نور زمان اور محمد اشعب عرفان نے سیمی فائنل میں پہنچ کر پاکستان کے لیے برانز میڈلز یقینی بنائے تھے۔یوں پاکستان ایشین گیمز 2026 میں اب تک 5 برانز اور ایک سلور میڈل حاصل کرچکا ہے۔مینز کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں رسائی کے باعث پاکستان کا ایک اور میڈل بھی یقینی ہوچکا ہے۔