وہاڑی ،بورے والا، گگو منڈی (خصوصی رپورٹ) نواحی گاؤں 203 ای بی میں بزرگ میاں بیوی کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے دو ملزمان کو ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق میاں علی محمد اور ثریا بی بی کو دیرینہ دشمنی پر قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزمان شاہد اور زاہد فرار ہوکر کراچی میں روپوش ہوگئے تھے۔ دونوں ملزمان بیرون ملک فرار ہونے کیلئے کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو ایف آئی اے کی ٹیم نے انہیں حراست میں لے کر وہاڑی پولیس کو اطلاع دی۔ تھانہ گگومنڈی پولیس کراچی پہنچ گئی اور ملزمان کو اپنی تحویل میں لے کر گگومنڈی منتقل کردیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش بھی جاری ہے۔