کراچی: پسند کی شادی پر علاقہ بدر کیے گئے میاں بیوی قتل

عطاء اوررہادیہ نے دوسال قبل شادی کی ،علاقہ بدرکیے جانے پر پہلے لاہورپھر کراچی منتقل ہوئے
لیاری میںرکشے میں سوارمیاں بیوی کوموٹر سائیکل سوار ملزمان نے گولیوں کا نشانہ بنایااورفرارہوگئے
 کراچی(آئی این پی )کراچی میں پسند کی شادی پر جرگے کے ذریعے باجوڑ سے علاقہ بدر کیے گئے میاں بیوی کو قتل کردیا گیا۔اولڈ سٹی ایریا نیپیئرتھانے کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے والے خاتون اور مرد کی شناخت میاں بیوی کے طور پر ہوگئی۔ پولیس کے مطابق مقتولین کوپسند کی شادی کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ۔ میوہ شاہ مسجد کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے، جس میں مقتول شخص کی شناخت عطاللہ ولد پیرمحمد خان کے نام سے کی گئی، مقتولہ کی شناخت رہادیہ عرف ثمرین دختر محمد گل کے نام سے کی گئی۔ایس ایچ او کے مطابق مقتولین کا آبائی تعلق باجوڑ ایجنسی سے تھا اور انہوں نے دوسال قبل پسند کی شادی کی تھی۔ جس کے بعد یہ لاہور اور پھر کراچی منتقل ہوئے۔ اس دوران دونوں نے لیاری کے ایک نجی ہوٹل میں بھی قیام کیا اور پھر نیپیئر کے علاقے لیاری میوہ شاہ مسجد کے قریب کرایے پر مکان لے لیا۔گذشتہ روز مقتولین کلفٹن سی ویو کے قریب شاپنگ مال سے رکشے میں سوار ہو کر لیاری آئے، جہاں انہیں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے گولیوں کا نشانہ بنایاگیا۔مقتول عطااللہ کے کزن نے پولیس کو بتایا کہ مقتول عطااللہ اور اس کی بیوی کوعلاقے کے معززین نے جرگے کے ذریعے علاقہ بدر کردیا تھا۔پولیس کے مطابق واقعے کامقدمہ مقتول عطااللہ کے کزن اسفندیار کی مدعیت میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کے بعد مقتولین میاں بیوی کی لاش اس کے کزن کے حوالے کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔