وزیراعظم شہباز شریف کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

نیویارک میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی و عالمی امن سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی وابستگی کا بھی اعادہ کیا۔وزیراعظم نے انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہتے ہوئے انسانیت کی بہتری کے لیے اقوام متحدہ کے مختلف شعبہ جات میں اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری کے حوالے سے ان کے اصولی کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی حمایت بھی دہرائی۔

وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان، بالخصوص پاکستان کے قریبی ہمسایہ خطے میں اس کے واقعات میں اضافے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے مؤثر عالمی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ملاقات میں افغانستان کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ دونوں رہنماؤں نے افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی میں تشویشناک اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائدانہ کردار اور مؤثر آواز کو سراہا۔ انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات، بالخصوص تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کی تعریف کی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے اس ضمن میں پاکستان کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔