محسن نقوی کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، دہشتگردی اور عالمی امن پر گفتگو

محسن نقوی کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، دہشتگردی اور عالمی امن پر گفتگو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی صورتحال، دہشت گردی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق افغانستان میں اس وقت 25 دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں، اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔ پاکستانی پولیس افسران اور اہلکار بھی اقوام متحدہ پولیس کے تحت مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان نے امن مشنز میں 181 اہلکاروں کی جانوں کی قربانی دی ہے۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امن مشنز میں پاکستان کی مسلسل شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ قدر ہے۔محسن نقوی نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی معاونت پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ بھی ادا کیا۔