وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہر خانکیندی میں منعقدہ 17ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک ایران تعلقات، دوطرفہ تعاون اور خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا اور سابقہ ملاقاتوں میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی، توانائی اور سرحدی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر کی قیادت کو سراہتے ہوئے حالیہ بحران کے دوران ایران کی طرف سے جنگ بندی کے فیصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس تناظر میں خطے کے امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی پر قائم ہے اور خطے میں دیرپا امن کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے مشترکہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے عالمی فورمز پر ایران کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر کے لیے نیک خواہشات اور مبارکباد کا پیغام بھی صدر پیزشکیان کو دیا۔