محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات، علاقائی و عالمی امن پر تبادلۂ خیال

محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات، علاقائی و عالمی امن پر تبادلۂ خیال

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی امن، سلامتی اور مختلف بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے قیامِ امن مشنز، بالخصوص ان میں پاکستان کے دیرینہ کردار اور خدمات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاصم منیر اور شہباز شریف نے بھی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کی مؤثر کامیابی کے لیے حقیقت پسندانہ مینڈیٹ، مناسب وسائل اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔

اس موقع پر انتونیو گوتریس نے عالمی امن اور سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل خدمات کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، قربانیوں اور طویل المدتی تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کا کردار قابل قدر ہے اور اقوام متحدہ اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔