وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف سے صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف سے صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کے ترقیاتی امور، عوامی فلاح و بہبود اور مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات میں مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے ماضی میں وفاقی حکومت کی جانب سے ادا کیے گئے کردار کا بھی ذکر کیا گیا۔شرکا نے آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار پر بھی گفتگو کی۔ اس حوالے سے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے کشمیری عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور انداز میں عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔