کسی کے خلاف ایف آئی آر درج ہو تو قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے، عدالت میں موقف
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی پولیس حکام نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کو ہراساں نہیں کیا گیا اور نہ ہی آئندہ ہراساں کیا جائے گا۔جسٹس انعام امین منہاس نے لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی رہنمائوں ملک عامر، شعیب شاہین اور دیگر کو ہراساں کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت عدالتی حکم پر ایس ایس پی آپریشن قاضی علی رضا اور ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔پولیس حکام نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پولیس کی جانب سے درخواست گزاروں کو ہراساں نہیں کیا گیا اور نہ ہی آئندہ ایسا کیا جائے گا۔ پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ اگر کسی کے خلاف ایف آئی آر درج ہو تو قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس حکام کی جانب سے درخواست گزاروں کو ہراساں نہ کرنے کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی۔