پی ٹی آئی رہنمائوں و کارکنان کے گھروں پر چھاپے ، خواتین کو ہراساں

کراچی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کراچی کی ترجمان فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ پارٹی کے رہنماں اور کارکنان کے گھروں پر چھاپے مار کر بزرگوں اور خواتین کو ہراساں کیا جارہا ہے۔اپنے ایک بیان میں فوزیہ صدیقی نے کہا کہ 180 سے زائد کارکنان کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کر کے جیل بھیجنا سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، پرامن شہریوں کے گھروں پر چھاپے اور خاندانوں کو خوفزدہ کرنا آئین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ طاقت کے زور پر خواتین، بزرگوں اور بچوں کو نشانہ بنانا انسانی اقدار کے منافی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو عوام کا ووٹ چھینا گیا اور اب پرامن احتجاج کرنے سے بھی روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔