اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنمائوں کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روکدیا

عدالت نے درخواست کی سماعت کے دوران  ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا‘حکم جاری کرنے کے بعد سماعت ملتوی
اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائی کورٹ نے 27 ستمبر لانگ مارچ سے قبل  پی ٹی آئی   رہنمائو ں کو ہراساں اور گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے شعیب شاہین، ملک عامر علی اور دیگر کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روک دیا۔27 ستمبر کے لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی رہنمائو  ں کو ہراساں کرنے کے خلاف کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کی، ملک عامر علی اور دیگر کی جانب سے وکلا شعیب شاہین اور ریاست آزاد عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت شعیب شاہین نے موقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ سے قبل ایک مرتبہ پھر گرفتاریاں اور چھاپے شروع ہوگئے ہیں، عدالت ہراساں کرنے اور گرفتاری سے روکنے کا حکم جاری کر کے کیس کی آئندہ سماعت اگلے ہفتے مقرر کردے۔جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ ایس ایس پی آپریشنز کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں اور اس حوالے سے حکم بھی جاری کرتے ہیں، عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔عدالت نے شعیب شاہین، ملک عامر علی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماو ں کو ہراساں کرنے اور گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔