پاکستان نے انتہائی درست نیوی گیشن سے ان مقامات پر فضائی اور ڈرون حملے کئے جہاں سے ڈرونز کو لانچ کرنے اور ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا‘ یہ جواب انتہائی نپا تلا، متناسب اور صرف فوجی اہداف تک محدود تھا
افغان طالبان کی جانب سے دھمکیاں، انکار یا ذمہ داری سے بھاگنے کی کوششیں نہ تو حقائق کو بدل سکتی ہیں اور نہ ہی پاکستان کو اپنی حدود، عوام اور قومی سلامتی کا دفاع کرنے سے روک سکتی ہیں:وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کی تازہ ترین تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے پاکستان نے افغانستان میں 10 ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں 23ستمبر کو افغان سرزمین سے پاکستان کی حدود میں ڈرونز کے ذریعے کی جانے والی غیر قانونی دراندازی کی مذمت کی۔ انہوں نے اس کارروائی کو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی شدید اور ناقابلِ قبول جارحانہ اقدام ہے، جس کا پاکستان نے فوری اور موثر جواب دیا ہے۔ پاکستان نے جواب میں افغانستان کے اندر ان دس مخصوص مقامات پر انتہائی درست نیوی گیشن سے لیس فضائی اور ڈرون حملے کیے جنہیں ان ڈرونز کو لانچ کرنے اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق یہ جواب انتہائی نپا تلا، متناسب اور صرف انہی فوجی اہداف تک محدود تھا جو براہ راست پاکستان پر کیے گئے ان حملوں سے جڑے ہوئے تھے۔ وزیرِ اطلاعات نے افغان طالبان کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے خلاف افغان حد سے ہونے والے کسی بھی حملے کو، چاہے وہ دہشت گرد گروہوں کی جانب سے ہو یا خود افغان طالبان حکومت کی طرف سے، ہرگز برادشت یا قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کا فوری اور حتمی جواب دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان طالبان کی جانب سے دھمکیاں، انکار یا ذمہ داری سے بھاگنے کی کوششیں نہ تو حقائق کو بدل سکتی ہیں اور نہ ہی پاکستان کو اپنی حدود، عوام اور قومی سلامتی کا دفاع کرنے سے روک سکتی ہیں۔ پاکستان نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان کے خلاف تمام معاندانہ سرگرمیاں بند کرے اور افغان سرزمین سے فعال تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مثر، عملی اور مسلسل اقدامات کر کے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔