امن کو موقع دیا جائے، جنگ روکنے اور مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دیتا ہوں‘دونوں ممالک سے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں:سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب
ایران کا جنوبی اسرائیل میں میزائلوں سے حملہ، 18صہیونی زخمی ‘، عمارتیں ملیامیٹ‘ اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا گیا ، سینکڑوں گاڑیاں تباہ ‘ دشمن کو سزا دینے کا سلسلہ جاری رہے گا: خامنہ ای
اسرائیلی فوج کا تہران میں جوہری تحقیقی مرکز پر حملہ، 3 میزائل لانچرز کی تباہی اور کمانڈر کو شہید کرنے کادعوی‘ ،میزائل بنانے والی فیکٹریوں کو نشانہ بنایا گیا ‘ہمارا دفاعی نظام ایرانی میزائل کا راستہ نہ روک سکا:اسرائیلی فوج کا اعتراف
جنیوا‘تہران،تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے ایران اسرائیل فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔ایران اسرائیل تنازع کے حوالے سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران بار بار کہہ چکا ہے وہ اٹیمی ہتھیار نہیں بنا رہا۔انہوں نے کہا کہ کشیدگی پھیل گئی تو کسی کے قابو میں نہیں رہے گی ، امن کو موقع دیا جائے، جنگ روکنے اور مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دیتا ہوں۔انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ سلامتی کونسل سے آج امن کا پیغام جانا چاہیے، دونوں طرف حملوں سے عوام متاثر ہورہے ہیں، دونوں ممالک سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری روسی میری نے کہا ہے کہ یورپین ممالک اور ایران کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اور اسرائیل کے معاملات پوری دنیا دیکھ رہی ہے ، ایران پر حملے کی وجہ جوہری پروگرام کا پھیلاؤ ہے جب کہ جنگ کے باعث اسرائیل کی فضائی حدود بند ہے ، مغربی علاقوں میں کئی چیک پوسٹوں کو بھی بند کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ عوام کے لیے حالات مشکلات کا شکار ہورہے ہیں ، دونوں اطراف سے سیکڑوں حملوں سے عوام شدید متاثر ہوئے ہیں، کشیدگی کے بعد امن کے دروازے ابھی بھی بند نہیں ہوئے۔دریں اثناء ایران کی جانب سے جنگ کے آٹھویں روز جنوبی اسرائیل میں میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے جس سے کم سے کم 18 صہیونی زخمی ہوگئے جبکہ متعدد عمارتیں ملیا میٹ ہو گئیں اور بیشتر مقامات سے دھواں اٹھتا دکھائی دیاہے ۔ اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔بحیرہ مردار میں ڈرونز کی دو بار پروازوں کے بعد میزائل داغے گئے، حملے میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی البتہ جنوبی اسرائیل کے علاقے بیرشیبا میں سینکڑوں گاڑیوں کی تباہی کی اطلاعات آئی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت میزائل حملے کی چودھویں لہر اٹھی جس کی ایران نے ویڈیو بھی جاری کی، اس لہر میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا‘ ایرانی حملے سے بیرسبع کا ٹیکنالوجی سنٹر تباہ ہوگیا،میزائل گرنے سے ٹیک ٹار میں آگ بھڑک اٹھی،اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ ہمارا دفاعی نظام ایرانی میزائل کا راستہ نہ روک سکا۔اسرائیلی حکام نے تسلیم کیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام غیر موثر ہوتا جارہا ہے۔فوجی حکام نے دعوی کیا ہے کہ میزائل انٹرسیپٹر سسٹم میں ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث میزائل کو روکا نہیں جا سکا۔ادھر اسرائیل پر ہونے والے نئے حملوں پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا صیہونی دشمن کو سزا دینے کا سلسلہ جاری ہے،ابھی اسی وقت ہم صیہونی دشمن کو سزا دے رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے بھی ایران کے مزید 3 میزائل لانچرز تباہ کرنے اور ایرانی ملٹری کمانڈر کو شہید کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کارروائی کی ڈرون فوٹیج بھی جاری کردی ہے۔صہیونی فوج کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے حالیہ کارروائی میں ایران میں واقع 3 بیلسٹک میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا، جو اسرائیل پر حملے کے لیے تیار حالت میں تھے۔اس حملے میں ایک ایرانی فوجی کمانڈر کو بھی ہلاک کر دیا گیا، جو اس لانچ سائٹ پر موجود تھا اور میزائلوں کی تیاری میں ملوث تھا۔