سیز فائر کی خلاف ورزی پر فوری اور یقینی جواب دیا جائیگا :ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (خصوصیرپورٹ)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی گئی تو فوری اور یقینی جواب دیا جائے گا۔معرکہ بنیان مرصوص اور کشمیر پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی صورت میں تیز اور یقینی جواب کا عزم کا اعادہ کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہماری سرزمین، سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرے گا، ہمارا جواب بے رحمانہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقت ہیں لہذا سنگین کشیدگی تباہی کا باعث ہو گی، اگر بھارت سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف جنگ کا محاذ کھڑا کر سکتا ہے تو یہ خطے میں تباہی کا باعث ہوگا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکا جیسے ممالک جوہری خطرات کے پیش نظر بھارت کے عزائم کو بخوبی جان چکے ہیں۔مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اس مسئلے کو "اندرونی" معاملہ قرار دے کر فوج کی بڑی تعداد میں موجودگی کے ساتھ کشمیریوں کو "ہراساں" کر رہا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کو حل کرنا ہوگا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی موقف کے مطابق اس نے بھارت کی بہت بڑی مسلح افواج کے باوجود ایک بہت بڑی فوجی فتح حاصل کی ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت اس بات پر ناراض ہے کہ امریکا اس بحران کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے، امریکا کے لیے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ بھارت پر کتنا دبا ڈال سکتا ہے۔