پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح لیس ہے، خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں ‘ قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کیا
پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، عالمی برادری کو فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں:یوم آزادی پر پیغام
راولپنڈی (آئی این پی ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح لیس ہے، ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی مہم جوئی کا بلا جھجک فوری جواب دیا جائے گا، اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے وقف کر دیں گے۔فیلڈمارشل نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام میں تمام اہلِ پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور وطنِ عزیز کی خاطر قربانیاں دینے والے بزرگوں اور برصغیر کے مسلمانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نہ صرف عالم اسلام کا ایک مضبوط اور ناقابلِ تسخیر قلعہ ہے بلکہ یہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کی روشن مثال بھی ہے، جہاں مذہبی اقلیتیں آج بھی ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کو شکست دینے کے لئے پاکستان نے بے پناہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے پہلگام کے افسوسناک سانحے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف اس کی شدید مذمت کی بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، تاہم قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کیا، جو تاریخ میں افواجِ پاکستان کی بہادری اور ولولہ انگیز جذبے کی علامت بن چکا ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح لیس ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں لیکن اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی مہم جوئی کا بلا جھجک فوری جواب دیا جائے گا۔انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانا ہی مسئلے کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی برادری کو فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔