سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات کی، جس میں تاریخی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعاون پر بات چیت ہوئی۔
ورلڈ بینک نے یقین دہانی کرائی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے عمل میں بھرپور مدد فراہم کرے گا۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ سیلاب سے 42 لاکھ سے زائد شہری متاثر ہوئے اور 115 لاکھ ایکڑ زرعی رقبہ تباہ ہوا۔ تین بڑے دریاؤں کے بیک وقت بپھرنے سے تباہ کن صورتحال پیدا ہوئی، تاہم تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کامیابی سے انجام دیا گیا، جس میں لاکھوں افراد اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے کا آغاز ہوچکا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پیشگی اطلاع کا جدید نظام بھی لاگو کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ ملاقات میں انسداد سموگ اقدامات اور زہریلے دھوئیں کے خاتمے کے لیے کیے گئے عملی اقدامات پر بھی بات کی گئی۔