خیبرپختونخوا: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی فوری بحالی، 85 فیصد ٹاورز 48 گھنٹوں میں بحال

خیبرپختونخوا: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی فوری بحالی، 85 فیصد ٹاورز 48 گھنٹوں میں بحال

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع سوات، بونیر اور شانگلہ سمیت دیگر علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام کی بحالی کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات کیے۔پی ٹی اے کے مطابق حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 200 سے زائد ٹیلی کام سائٹس (ٹاورز) متاثر ہوئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کی ٹیمیں مقامی انتظامیہ کے تعاون سے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور بحالی کا کام شروع کردیا۔ترجمان پی ٹی اے کے مطابق 48 گھنٹوں کے اندر 85 فیصد متاثرہ ٹاورز کو بحال کردیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ سائٹس پر بھی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔پی ٹی اے کے بروقت اقدامات کی بدولت متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام جلد بحال ہوسکا جس سے لوگوں کو اپنے اہل خانہ اور ریسکیو اداروں سے رابطے میں رہنے میں آسانی ہوئی۔متاثرہ علاقوں کے عوام نے پی ٹی اے کی مؤثر اور فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے مشکل وقت میں عوام کو بڑا ریلیف ملا ہے۔