لاہور میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ورلڈ بینک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کی پیشرفت، درپیش چیلنجز اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام، پنجاب ٹورازم فار اکنامک گروتھ اور فیملی پلاننگ پروگرام سمیت دیگر سماجی ترقی کے منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ہم ورلڈ بینک کے تعاون اور سماجی بہتری کے لیے فراہم کردہ سرمایہ پر شکر گزار ہیں، اور ان منصوبوں کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے گی تاکہ عوامی فلاح کے ثمرات جلد مل سکیں۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ورلڈ بینک اور پنجاب حکومت آئندہ 10 سالہ ترقیاتی منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کریں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز غیرملکی سرمایہ سے چلنے والے منصوبوں کی ذاتی طور پر روزانہ مانیٹرنگ کرتی ہیں تاکہ شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔