لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی آئی ٹی رانا منصور الحق، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ڈویلپمنٹ، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے جبکہ کمانڈنٹ پی سی ایڈیشنل آئی جی سید خرم علی شاہ، ڈی آئی جی ایس پی یو غازی محمد صلاح الدین، راولپنڈی اور سرگودھا ریجنز کے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں کرائم کنٹرول، ٹریفک حادثات اور اوورلوڈنگ کے تدارک، ڈرائیونگ لائسنسنگ میں اضافے اور پولیس کے سائبان امور کا تفصیلی جائزہ لیا ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت دی کہ ڈی پی اوز اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ باہمی مشاورت سے سرکاری و نجی پراجیکٹس پر موجود چینی ماہرین و باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنائیں۔ راولپنڈی اور سرگودھا ریجنز کمانڈنٹ پی سی کی مشاورت سے پولیس کانسٹیبلری میں نفری کی کمی فوری طور پر پوری کریں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہرمس اور پی ایس آر آئی ایم ایس میں ریکارڈ انٹریز مصدقہ اور مکمل رکھی جائیں۔ ای-گیجیڈ، ای-پوسٹ، سمارٹ آئی اور ٹینٹ رجسٹریشن سمیت پولیس ایپس کا بھرپور استعمال یقینی بنایا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ راولپنڈی اور سرگودھا ریجنز اپنے اضلاع میں پولیس ڈویلپمنٹ سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کریں۔ ڈکیتی، راہزنی، موٹر سائیکل و وہیکلز چوری کے تدارک اور ریکوری میں اضافہ یقینی بنایا جائے آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ طلبا و طالبات سمیت شہریوں کو نئے کرائم ٹرینڈز سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر بارے آگاہی مہم شروع کی جائے۔ سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں کی گرفتاری اور منشیات کیسز میں مؤثر چالاننگ کے ذریعے ملزمان کو سزائیں دلائی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت ایف آئی آر کا فوری اندراج، میرٹ پر تفتیش اور گنہگار کو سزا یقینی بنائی جائے۔