ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز محمد عابد خان، ڈی پی او وہاڑی منصور امان، ایس پیز کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا، عبدالحنان، آفتاب پھلروان، بینش فاطمہ اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے نو منتخب ڈی ایس پیز سمیت دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی سی ڈی کے لیے انتہائی پروفیشنل اور منجھے ہوئے کرائم فائٹر افسران کا انتخاب کیا گیا ہے۔ صوبہ پنجاب کو منظم جرائم سے پاک کرنے کے لئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بھرپور وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ سی سی ڈی افسران سے اہداف کے حصول کے لئے بہترین صلاحیتوں کے استعمال، مثبت اور فوری نتائج کی توقعات ہیں۔ سی سی ڈی جرائم پیشہ افراد کے لئے خوف کی علامت اور شریف شہریوں کے لئے تحفظ کی ضمانت ثابت ہو گا۔ سی سی ڈی کو جدید کرائم ڈیٹا مینجمنٹ، سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ سسٹم، لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ سے لیس کیا جا رہا ہے۔سی سی ڈی افسران نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے جرائم کی بیخ کنی کے لئے بہترین نتائج دینے کا عہد کیا۔