سنٹرل پولیس آفس میں مسیحی ملازمین کے اعزاز میں کرسمس تقریب

آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کیک کاٹا، 5 ہزار روپے عیدی اور اضافی تعطیل کا اعلان
 لاہور (کرائم رپورٹر) سنٹرل پولیس آفس میں مسیحی افسران اور ملازمین کے اعزاز میں کرسمس کی مناسبت سے رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی۔ مہمانِ خصوصی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او میں تعینات مسیحی افسران و ملازمین کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اور انہیں دلی مبارکباد دی۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے مسیحی ملازمین کے لیے 5 ہزار روپے فی کس کرسمس عیدی اور ایک اضافی تعطیل کا اعلان کیا اور کہا کہ پنجاب پولیس کرسمس کے موقع پر اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی سمیت تمام اقلیتی برادریاں پنجاب پولیس میں روزگار کے وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کریں،آئی جی نے میثاق سنٹرز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے منتخب مسیحی افسران کو ہر ماہ انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب پولیس میں مسیحی سمیت 3900 سے زائد اقلیتی افسران و اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں، جن میں 450 سے زائد خواتین اقلیتی اہلکار بھی شامل ہیں۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب عمران ارشد، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، اے آئی جی ویلفیئر ناصر محمود باجوہ سمیت سینئر افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔