امریکی بحری جہاز یو ایس ایس وین ای میئر دو روزہ دورے پر کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے، جس کا مقصد خطے میں دوطرفہ تعاون اور پاک بحریہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق، بندرگاہ پر آمد کے موقع پر پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام، امریکی ناظم الامور اور سفارتی عملے نے جہاز کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس دورے کے دوران امریکی بحریہ اور پاک بحریہ کے مابین مشترکہ مشقوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ ہو اور خطے میں سیکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ امریکی بحری جہاز کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بحری تعلقات کو وسعت دینے اور خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے کی مشترکہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔