اطالوی تربیتی بحری جہاز ’’امریگو ویسپوچی‘‘ کراچی پہنچ گیا

اطالوی تربیتی بحری جہاز ’’امریگو ویسپوچی‘‘ کراچی پہنچ گیا

اطالوی تربیتی بحری جہاز ’’امریگو ویسپوچی‘‘ نے دنیا کے سفر کے دوران 2 روزہ دورے پر کراچی کی بندرگاہ پہنچ کر ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے۔

 یہ جہاز اپنے عالمی دورے کے دوران مختلف ممالک کا دورہ کر رہا ہے، اور اس کا یہ دورہ 2023 سے 2025 تک کے ورلڈ ٹور کا حصہ ہے۔پاکستان میں اس تاریخی موقع پر اطالوی سفیر، قونصل جنرل اور پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران نے اس کا استقبال کیا۔ امریگو ویسپوچی کو دنیا کا خوبصورت ترین بحری جہاز قرار دیا گیا ہے، جسے اپنی حسین ظاہری شکل اور شاندار ڈیزائن کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بے حد سراہا جاتا ہے۔دورے کے دوران، جہاز کے سینئر افسران اور پاک بحریہ کے افسران کے درمیان ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ اس کے علاوہ، جہاز کے عملے کو کراچی میں مختلف اہم مقامات کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔

اس دورے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ مختلف ممالک کو اس نوعیت کے بحری جہازوں کی خریداری میں دلچسپی پیدا کی جائے۔ پاکستان نیوی کے افسران نے بھی اس موقع پر اطالوی قونصل جنرل ڈنیلو جوردینیلا کے ہمراہ اس دورے کا استقبال کیا۔’’امریگو ویسپوچی‘‘ کی آمد سے نہ صرف پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملے گا بلکہ یہ اس بات کا بھی غماز ہے کہ عالمی سطح پر بحری جہازوں کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور تعلقات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔