اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کی گئی بریت کی درخواستوں پر سماعت 7 اکتوبر کو مقرر کر دی ہے۔
عدالتی شیڈول کے مطابق، جسٹس انعام امین منہاس اس مقدمے میں دائر تمام درخواستوں کا جائزہ لیں گے۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے نہ صرف مقدمے سے بریت کی استدعا کی ہے بلکہ انہوں نے جاری ٹرائل کو روکنے کی بھی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ درخواستیں رواں سال جنوری میں عدالت میں جمع کرائی گئی تھیں، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مقدمے میں کوئی قانونی جواز یا ٹھوس شواہد موجود نہیں، لہٰذا عدالت فوری طور پر ملزمان کو بری کرے اور ٹرائل کو روک دے۔توشہ خانہ ٹو کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے قیمتی تحائف کے حصول میں بے ضابطگیاں کیں اور اثاثہ جات کے گوشواروں میں ان کا مکمل یا درست اندراج نہیں کیا۔