علیمہ کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک اور بینک اکائونٹس منجمد

 5 اکتوبراحتجاج کیس میں علیمہ اور بھانجے کی عبوری ضمانت میں توسیع 
 عمر ایوب اور شبلی فرازکی نااہلی کیخلاف اپیلوں 5 رکنی بینچ پیر کو سماعت کریگا 
راولپنڈی،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)26نومبر احتجاج میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ضامن کی پراپرٹی بحق سرکار قرق کرنے کا حکم جاری کر دیا۔اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی سماعت کی۔ علیمہ خان عدالت سے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرنے کے باوجود پیش نہ ہوئیں۔عدم پیشی پر عدالت نے ڈی جی نادرا کو علیمہ خان کا قومی شناختی کارڈ بلاک اور گورنر سٹیٹ بینک کو تمام بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ علیمہ خان کا پاسپورٹ بھی بلاک کیا جائے۔عدالت نے سخت ریمارکس دیے کہ ملزمہ ہر جگہ موجود ہوتی ہے لیکن عدالت پیش نہیں ہوتی، ملزمہ کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنا یا جائے ۔دوسری جانب، پانچ اکتوبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پولیس پر تشدد کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور بھانجے شیر شاہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی۔ عظمیٰ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی۔عدالت نے ضمانت پر مزید سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کر دی۔سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔آئندہ ہفتہ کی جاری کی جانے والی کاز لسٹ کے مطابق جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ 27 اکتوبر کو درخواستوں پر سماعت کرے گا،پانچ رکنی آئینی بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شکیل احمد شامل ہوں گے،واضح رہے کہ عمر ایوب اور شبلی فراز نے نو مئی مقدمات میں سزا کے بعد نااہلی کو چیلنج کر رکھا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے دونوں رہنمائوں کی سرنڈر کیے بغیر اپیل ناقابل سماعت قرار دی تھی۔جبکہ دو روز قبل بیرسٹر گوہر کی جانب سے نااہلی کیخلاف اپیلیں جلد سماعت کیلئے رجوع بھی کیا تھا۔