علیمہ خان کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک ‘ بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم

علیمہ خان کے ضامن کی پراپرٹی بحقِ سرکار قرق کرنے کے  احکامات، ملزمہ ہر جگہ موجود ہوتی ہیں عدالت میں پیش نہیں ہوتیں:جج 
 راولپنڈی(یواین پی) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے وارنٹ گرفتاری کے باوجود عدم پیشی پر علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیدیا۔ راولپنڈی کی اے ٹی سی عدالت میں 26 نومبر کے احتجاج پر علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ علیمہ خان عدالت سے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے باوجود پیش نہ ہوئیں۔عدالت نے علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا گیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی ہدایت کی کہ علیمہ خان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں۔ عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی پراپرٹی بحقِ سرکار قرق کرنے کا حکم دے دیا۔ جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ ہر جگہ موجود ہوتی ہیں مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتیں۔ان کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر 27اکتوبر تک ملتوی کر دی