ارشد چائے والے کا شناختی کارڈ ،پاسپورٹ بلاک، نادرا ومحکمہ امیگریشن سے رپورٹ طلب

     لاہور (آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے ارشد خان چائے والے کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کیخلاف درخواست پر نادرا اور امیگریشن ڈیپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں بینچ نے متعلقہ اداروں کے سینئر افسروں کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ ساتھ لیکر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے فریقین کو17اپریل کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔حکومتی وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار پاکستانی شہریت کے متعلق ثبوت پیش نہیں کر سکا جس کے باعث اس کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کیے گئے۔درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ارشدخان کے خاندان کی پاکستانی شہریت کی ایک پوری تاریخ ہے، ارشد خان سے 1978سے پہلے کا ریزیڈنسی پروف مانگنا بدنیتی پرمبنی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی سرکاری وکیل اس بات کو یقینی بنائیں کہ متعلقہ ادارے رپورٹس جمع کروائیں۔