شرپسند وں کے پاسپورٹ، شناختی کارڈ منسوخ ‘سمیں بلاک کرنے پر غور(احتجاج روکنے کیلئے سکیورٹی اداروں کو تیار رہنے‘ بھاری نفری تعینات کرنیکا حکم)

شر پسندی کرنے والے  طالب علموں کی تعلیمی اسناد اور داخلے منسوخ کرنے کے فیصلے پربھی غورشروع ‘اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں افغان مہاجرین  کے کیمپوں کی جیوفنسنگ کا عمل شروع کردیا گیا 

پنجاب میں پی ٹی آئی  رہنمائوں، کارکنوں کی گرفتاری کیلئے فہرستوں کی تیاری کا حکم ‘ گھروں اور دفاتر کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی ہدایت، پولیس کو  اسلام آبادسمیت خیبرپختونخوا کے راستے سیل کرنے  کا  ٹاسک   دیدیا گیا  
 اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے ریاست کی جانب سے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اوروفاقی دارالحکومت میں ڈپٹی کمشنر نے احتجاج کے پیش نظر 2 ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی اوراحتجاج میں شامل شرپسند افراد کے پاسپورٹ، شناختی کارڈ منسوخ اورسم بلاک کرنے کا بھی فیصلہ پر غورکیا جا رہا ہے ۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ڈپٹی کمشنر نے احتجاج کے پیش نظر 2 ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اوروزارت داخلہ کی جانب سے متعلقہ سکیورٹی اداروں کو مکمل تیاری کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ شرپسندی میں ملوث افراد کیخلاف سخت  ترین قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تمام سرکاری اور اہم عمارتوں کی سکیورٹی کیلئے سخت ترین حفاظتی اقدامات کرنے کا  فیصلہ کیا گیا ہے اوروزارت داخلہ نے جڑواں شہروں میں سکیورٹی کیلئے بھاری نفری تعینات کرنے کا حکم دیا ہے ۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں افغان مہاجرین کیمپوں کی جیوفنسنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے اوراحتجاج کے دوران شر پسندی کرنے والے طالب علموں کی تعلیمی اسناد اور داخلے منسوخ کرنے کے فیصلے پر غورشروع کر دیا گیا ہے اور اسی طرح احتجاج میں شامل شرپسند افراد کے پاسپورٹ، شناختی کارڈ منسوخ اورسم بلاک کرنے کا بھی فیصلہ زیر غورہے۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق  دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمنٹے کیلئے مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔ احتجاج  کی کال کے پیش نظر  پنجاب میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں، کارکنوں کی گرفتاری کیلئے فہرستوں کی تیاری کا حکم دیدیا گیا ۔سرکاری ذرائع  کے حوالے سے میڈیارپورٹ کے مطابق  24 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے قبل راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکول کے تھانوں میں پولیس کو فہرستوں کی تیاری کا حکم دیا گیا ہے، مرکزی قیادت، مقامی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کو خصوصی ٹاسک دیدیا گیا ہے۔  ذرائع نے بتایا کہ راولپنڈی، اسلام آبادسمیت کے پی کے راستے سیل کرنے کا بھی ٹاسک دے دیا گیا ہے، پولیس کو مرکزی رہنمائوں، کارکنوں کے گھروں اور دفاتر کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے