خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سیلاب متاثرہ اضلاع کے نقصانات کے سروے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تفصیلات کی بنیاد پر جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ریسکیو آپریشنز جاری ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف و بحالی کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں، جن میں کھانے پینے اور رہائش کا بندوبست شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ متاثرین کو روزگار، گھروں کی تعمیرِ نو اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور سیلاب متاثرین کے لیے اضافی فنڈز بھی مختص کیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور متاثرین کے لیے ہر حد تک اقدامات کیے جائیں گے۔