چوہدری شافع کی زیر صدارت صنعتی انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر پیش رفت جائزہ اجلاس

 ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں 17ایکڑ رقبے پر عالمی معیار کا کمیونٹی سینٹر بنے گا
فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں 211 فیکٹریاں پیدا وار دے رہی ہیں :صوبائی وزیر 
لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں اہم اجلاس منعقدہوا جس میں فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین فیڈمک رانا اظہر اقبال نے صنعتی انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر عملدرآمد بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں 17ایکڑ رقبے پر عالمی معیار کا کمیونٹی سینٹر بنے گا جہاں چائنیز اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو رہائش کی بہترین سہولیات ملیں گی۔فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں مختلف بنکوں کی برانچیں بھی کھلیں گی۔یہاں بنکوں کی برانچیں کھلنے سے صنعتکاروں کو سہولت ملے گی۔وزیرصنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ فیڈمک اور نیسپاک کے حکام مل بیٹھ کر کمیونٹی سینٹر اور انفراسٹرکچر کے دیگر منصوبوں کے حوالے سے تمام امور طے کریں،نیسپاک کمیونٹی سینٹر کے ڈیزائن کو ایک ہفتے میں حتمی شکل دے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں گزشتہ 2 سالوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے بے مثال اقدامات کئے گئے۔یہاں بنایا گیا ہسپتال سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا، ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی ہسپتال میں تعینات ہو چکاہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں 211فیکٹریاں پیداوار دے رہی ہیں،تقریباً 200 صنعتی یونٹس تعمیر کے مراحل میں ہیں۔حکومتی پالیسی کے مطابق انڈسٹریل اسٹیٹس میں 2 سال کے اندر صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹ کینسل کر دئیے گئے۔آئندہ بھی پالیسی کے مطابق صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹ کینسل ہوں گے۔صنعتی مراکز کی 100فیصد کالونائزیش حکومت کی پہلی ترجیح اور پالیسی ہے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف،بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے۔ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ دورہ چین کے دوران 18 سے زائد چین کی سرمایہ کار کمپنیوں سے سود مند ملاقاتیں ہوئیں۔متعدد چینی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔پنجاب میں نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آنے سے روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں باؤنڈری وال مکمل ہوچکی ہے۔چیئرمین فیڈمک رانا اظہر اقبال،سی ای او فیڈمک میاں جمیل احمد، جی ایم انجینئرنگ کرنل عادل اور نیسپاک کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔