پاکستان کے نوجوانوں اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (پاشا) نے ایک مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں، جو وزیراعظم آفس میں منعقدہ تقریب میں عمل میں آئی۔
چئیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اس شراکت داری کے تحت نوجوانوں کو ہنر کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی ضروریات کے مطابق نصاب تیار کیا جائے گا۔
اس پروگرام کے اہم نکات میں شامل ہیں:
نوجوانوں کے لیے سرٹیفیکیشن پروگرامز
نوجوان کاروباری افراد کے لیے مینٹورشب نیٹ ورک
نئے کاروباری اداروں کے فروغ کے لیے انکیوبیشن پروگرامز
خواتین کی قیادت میں کاروباری اداروں کو خصوصی اہمیت
رانا مشہود احمد خاں نے مزید کہا کہ دونوں تنظیمیں مشترکہ پالیسی کے ذریعے روزگار کے مواقع بڑھانے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گی۔ اس شراکت داری کے نتیجے میں نوجوانوں کے لیے روشن اور پائیدار مستقبل کی راہیں ہموار ہوں گی۔