این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کا فیصلہ، قومی سائبر پولیس کے قیام کی تجویز

این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کا فیصلہ، قومی سائبر پولیس کے قیام کی تجویز

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ادارے کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس کرنے پر زور دیا ہے۔

 اجلاس میں این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں این سی سی آئی اے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے، تنظیم نو اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سائبر جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے این سی سی آئی اے کو ایک مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے۔

آئی ٹی اور اے آئی ماہرین کی تعیناتی کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں سے وابستہ ماہرین تعینات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ادارے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں اور تنظیم نو کے دوران جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعظم نے سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی، تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

پاکستان سائبر پولیس بنانے کی تجویز
اجلاس کے دوران این سی سی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق سفارشات پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت میرٹ کی بنیاد پر بہترین اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت بھرتی کی جائے گی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سائبر کرائم کے حوالے سے قومی سلامتی کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے، جبکہ موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم مقدمات کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سفارشات کے لیے وفاقی وزراء پر مشتمل کمیٹی قائم
وزیراعظم نے این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کردہ اصلاحاتی سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔کمیٹی میں وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رواں ہفتے کے آخر تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے۔

اہم وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام کی شرکت
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور سید محسن رضا نقوی شریک ہوئے۔اس کے علاوہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔