شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) اجلاس: چین کا ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز

شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) اجلاس: چین کا ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز

چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں رکن ممالک اور عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔

 اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ نے تنظیم کے رکن ممالک کے لیے ایک ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز پیش کی، تاکہ خطے میں معاشی ترقی اور تجارتی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔چینی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ SCO ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر چکی ہے جو باہمی اعتماد، تعاون اور اصولوں کی بنیاد پر آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کو چاہیے کہ وہ تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کریں۔شی جن پنگ نے زور دیا کہ مشترکہ خوشحال مستقبل کے لیے تجارتی اور مواصلاتی روابط کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق عملی اقدامات کے بغیر عوام کی خوشحالی ممکن نہیں اور چین اس حوالے سے رکن ممالک کی سماجی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب ایردوان، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت متعدد عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔دو روزہ اجلاس میں 20 ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اس موقع پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور خطے میں تعاون، ترقی اور استحکام بڑھانے کی ضرورت پر زور دیں گے۔