ایم کیو ایم پاکستان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی تجویز کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکزی رہنما اور بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانے سے عوامی مسائل بہتر انداز میں حل کیے جا سکیں گے۔ ان کے مطابق، اس اقدام سے عوام میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی ہوگی اور گڈ گورننس کے ذریعے شکایات کا خاتمہ کیا جا سکے گا۔زاہد ملک نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز اور مسائل، خصوصاً حالیہ سیلاب کے نقصانات، اس بات کے متقاضی ہیں کہ نئے صوبوں کے قیام پر عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے نئے صوبوں میں جدید اور مؤثر انتظامی ڈھانچے کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اب فرسودہ نظام سے چھٹکارا دلانے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے نئے راستے اپنانے ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ نئے صوبوں کا قیام ملک میں مثبت تبدیلی، ترقی اور عوامی ریلیف کی ضمانت ثابت ہوگا۔