اسلام آباد میں وفاقی پولیس نے انسداد سائبر کرائم ونگ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے افسران اور اہلکاروں کو سی ٹی ڈی میں تبادلے کے لیے بھیجا گیا ہے۔سائبر کرائم ونگ میں موجود مقدمات اور انکوائریز کو بھی نیشنل سینٹر فار کمپلیکس انویسٹی گیشن اینڈ انٹیلی جنس (این سی سی آئی اے) کے حوالے کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق، ٹرانسفر کیے گئے افسران میں انچارج سائبر کرائم ونگ انسپکٹر آصف خان، 3 سب انسپکٹرز، 2 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 6 لیڈی کانسٹیبلز اور 10 مرد کانسٹیبلز شامل ہیں۔ سائبر کرائم ونگ میں مجموعی طور پر 22 افسران و اہلکار تعینات تھے۔
ذرائع کے مطابق، اسلام آباد پولیس کے سائبر کرائم ونگ کے پاس کل 112 شکایات موصول ہو چکی تھیں۔ ان میں سے 2 مقدمات عدالتوں میں چالان ہو چکے ہیں، جبکہ 20 شکایات انکوائری کے مرحلے پر ہیں اور باقی 90 شکایات پر قانونی کارروائی جاری ہے۔