وزیر اعلیٰ بلوچستان کا قائداعظمؒ کی 149ویں یومِ پیدائش پر پیغام: ایمان، اتحاد اور تنظیم قومی مستقبل کی ضمانت

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا قائداعظمؒ کی 149ویں یومِ پیدائش پر پیغام: ایمان، اتحاد اور تنظیم قومی مستقبل کی ضمانت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظمؒ کے سنہری اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم ہمارے قومی مستقبل کی مضبوط ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی عزت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہمیں متحد ہو کر محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظمؒ نے دیانت، قانون کی بالادستی اور مساوات پر مبنی ریاست کا جو تصور دیا، اس پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بابائے قومؒ کی تعلیمات ہمیں اتحاد و یگانگت کے ساتھ قومی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ دیتی ہیں، جبکہ قائداعظمؒ کا پاکستان تمام شہریوں کے لیے امن، برداشت اور انصاف کی علامت ہے۔میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ نئی نسل کو قائداعظمؒ کے افکار و نظریات سے روشناس کرانا ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور ہم قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔