وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی پرواز محض ایک مشن نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
پوری قوم کو اپنے قومی ہیرو پر فخر ہے اور یہ تاریخی لمحہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگا۔پاکستانی اور چینی خلا بازوں کی خلائی مشن پر روانگی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ شین ژو 24 مشن کے تحت تین خلا باز خلائی سفر پر روانہ ہوئے ہیں، جن میں پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تاریخی منظر کو دیکھ کر پیدا ہونے والے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم نے ٹیلی ویژن اسکرینوں پر اس یادگار لمحے کو دیکھا، جبکہ چین میں بھی ہزاروں افراد صبح سویرے اس تاریخی پرواز کا مشاہدہ کرنے کے لیے جمع ہوئے۔ ان کے مطابق یہ ایک خواب کی تعبیر اور پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش سنگ میل ہے۔
پاک چین خلائی تعاون کے خواب کی تعبیر
احسن اقبال نے کہا کہ 2017 اور 2018 کے دوران وہ اپنے چینی دوستوں سے بارہا اس خواہش کا اظہار کرتے رہے کہ پاک چین تعاون کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے بعد خلائی شعبے تک بھی وسعت دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج چینی خلائی مشن میں پاکستانی خلا باز کی شرکت اسی تصور کی عملی تعبیر ہے۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کی عکاسی کرتی ہے۔
نوجوانوں کے لیے سائنس اور تحقیق کی نئی راہیں کھلیں گی
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ذیشان علی کی خلائی پرواز سے بہتر تحفہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کامیابی سے پاکستان کے نوجوان خلائی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم کی جانب راغب ہوں گے اور انہیں مستقبل میں نئے اہداف حاصل کرنے کا حوصلہ ملے گا۔احسن اقبال نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر اختتام نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہے۔ اس تاریخی کامیابی کی بازگشت آنے والی نسلوں تک پہنچے گی۔