سی پیک فیز ٹو پاکستان، چین تعاون کا نیا دور ثابت ہوگا:احسن اقبال

سی پیک فیز ٹو پاکستان، چین تعاون کا نیا دور ثابت ہوگا:احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک فیز ٹو پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور دونوں ممالک کو مستقبل کے معاشی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گا۔

تیانجن میں "پاکستان چین تعاون کے نئے مواقع" کے حوالے سے دورے کے دوران احسن اقبال نے ہوان شینگ نیو انرجی سولر پلانٹ کا معائنہ کیا اور وہاں چینی ماہرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان میں بندرگاہوں، قابلِ تجدید توانائی اور لائیو اسٹاک سیکٹر کو مزید ترقی دینے کے وسیع امکانات ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہوان شینگ پلانٹ خودکار نظام اور جدید ٹیکنالوجی کی ایک بہترین مثال ہے جو چوتھے صنعتی انقلاب کی سطح پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی چین کے تعاون سے جدید توانائی منصوبوں اور گرین انرجی سے فائدہ اٹھائے گا۔

احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان زرعی شعبے میں بائیوٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے چین کی مہارت سے استفادہ کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان ایک ایسا پلیٹ فارم تیار کیا جا رہا ہے جس سے چینی ٹیکنالوجی اور تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ان کے مطابق مستقبل کا انحصار سولر اور گرین انرجی پر ہے، اس لیے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

مزید برآں، احسن اقبال نے جانوروں کی ویکسین تیار کرنے والی ایک چینی کمپنی کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر کمپنی کو پاکستان میں پلانٹ لگانے کی پیشکش کی گئی تاکہ لائیو اسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی معیشت میں لائیو اسٹاک ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتا ہے اور جانوروں کو بیماریوں سے پاک کرنے کے ذریعے گوشت کی برآمدات بڑھانا حکومت کا اہم ہدف ہے۔