پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے نئے دور کا آغاز، ترک اعلیٰ سطح کا عدالتی وفد 23 نومبر کو پاکستان پہنچے گا

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے نئے دور کا آغاز، ترک اعلیٰ سطح کا عدالتی وفد 23 نومبر کو پاکستان پہنچے گا

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان 23 سے 27 نومبر تک ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے عدالتی وفد کی میزبانی کرے گی۔

 ترک وفد کی قیادت ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز کریں گے۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ترک عدالتی وفد میں معزز ججز اور اعلیٰ عدالتی حکام شامل ہوں گے۔ دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور دونوں ممالک کے اعلیٰ عدالتی اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینا ہے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر 23 نومبر کو دستخط کیے جائیں گے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کی اعلیٰ عدالتوں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مستحکم کرنا، وفود کے تبادلوں کو فروغ دینا اور عدالتی نظام میں بہترین طریقۂ کار سے استفادہ کرنا ہے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان پیشہ ورانہ تربیت، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ تربیتی پروگراموں کے انعقاد پر تعاون کیا جائے گا، تاکہ عدالتی نظام کی استعداد کار میں اضافہ اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

سپریم کورٹ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سپریم کورٹ آف پاکستان سے براہِ راست نشر کی جائے گی۔ تقریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور وفاقی آئینی عدالت کے معزز ججز شرکت کریں گے، جبکہ سیکرٹری خارجہ، دیگر ججز اور قانونی برادری کے نمائندگان بھی تقریب میں موجود ہوں گے۔ترک عدالتی وفد اپنے دورے کے دوران پاکستان کے شعبہ انصاف سے متعلق اہم اداروں اور نمائندگان سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔ ملاقاتوں میں عدالتی نظام، ادارہ جاتی تعاون اور قانونی شعبے میں باہمی تجربات سے استفادے کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔دورے کے دوران ترک وفد کو پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔ اس سلسلے میں وفد ٹیکسلا، اسلام آباد کی فیصل مسجد اور لاہور کے تاریخی اندرونِ شہر کا دورہ کرے گا۔