لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس اہم کامیابی کو پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے پاکستانی کی خلائی مشن پر روانگی پوری قوم کے لیے خوشی، فخر اور اعزاز کا باعث ہے۔ یہ کامیابی پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں، محنت اور بلند عزائم کی عکاس ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ محمد ذیشان علی نے خلائی مشن کا حصہ بن کر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ ان کی کامیابی ملک کے نوجوانوں کے لیے ایک نئی امید اور حوصلے کا پیغام ہے، جبکہ یہ سنگ میل سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت بھی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے خلا باز ذیشان علی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیاب واپسی اور مشن کی تکمیل کے لیے دعا بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ دنیا کے ہر شعبے میں اپنی قابلیت منوا سکتے ہیں۔ خلائی تحقیق جیسے جدید سائنسی شعبے میں پاکستانی نوجوان کی شرکت ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کا حصہ ہیں۔ مشن کے دوران وہ چینی خلا بازوں کے ساتھ خلائی اسٹیشن پر مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے، جن میں خلائی ماحول کے انسانی جسم، حیاتیاتی علوم اور پودوں پر اثرات کا مطالعہ بھی شامل ہے۔