پاکستان کے پہلے خلاباز ذیشان علی کی خلائی اسٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں کی ویڈیو جاری

پاکستان کے پہلے خلاباز ذیشان علی کی خلائی اسٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں کی ویڈیو جاری

اسلام آباد: پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کی چین کے خلائی اسٹیشن ’تیان گونگ‘ پر سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، جس میں انہیں اپنے چینی ساتھی خلابازوں کے ہمراہ مختلف تحقیقی تجربات اور سائنسی امور انجام دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں ذیشان علی خلائی اسٹیشن کے اندر موجود تجرباتی آلات اور تحقیقی سرگرمیوں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کی یہ سرگرمیاں پاکستان اور چین کے مشترکہ خلائی تعاون پروگرام کا حصہ ہیں، جس کے تحت وہ خلا میں مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔ ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینزو 24 خلائی مشن کے ذریعے خلا میں پہنچے تھے۔ وہ چینی خلاباز تانگ ہونگبو اور وو یی کے ہمراہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن میں داخل ہوئے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی اور چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بھی بن گئے۔ مشن کے دوران ذیشان علی چار مشترکہ سائنسی منصوبوں میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں حیاتیاتی علوم اور مٹیریلز سائنس سے متعلق تجربات شامل ہیں۔ ان کا ایک اہم تجربہ ایسے خردبینی جانداروں پر مشتمل ہے جو ضیائی تالیف کے ذریعے توانائی پیدا کرتے ہیں۔

 سائنس دان ان تجربات کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ خلا کی بے وزنی اور دیگر غیر معمولی حالات میں جانداروں اور مختلف مادوں پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ان تحقیقات کے نتائج مستقبل میں طویل دورانیے کے خلائی سفر، خوراک کے تحفظ اور زرعی تحقیق کے شعبوں میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ ذیشان علی خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران تجرباتی آلات کی تنصیب، نمونوں کی جانچ اور دیگر تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔