پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں بے قابو، سرکاری نرخ نامے کے برعکس مہنگی فروخت جاری

پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں بے قابو، سرکاری نرخ نامے کے برعکس مہنگی فروخت جاری

لاہور: اوپن مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں شہریوں کی پہنچ سے دور ہو گئیں، سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث دکاندار من مانے نرخ وصول کرنے لگے۔

 ضلعی انتظامیہ سرکاری قیمتوں پر اشیائے خورونوش کی فروخت یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، جبکہ شہری مہنگے داموں خریداری پر مجبور ہیں۔مارکیٹ میں متعدد پھل سرکاری نرخوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔ پپیتا سرکاری قیمت 270 روپے فی کلو کے بجائے 350 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ کھجور کی سرکاری قیمت 435 روپے مقرر ہونے کے باوجود دکاندار 600 روپے فی کلو وصول کر رہے ہیں۔اسی طرح ناشپاتی 445 روپے کے بجائے 550 روپے فی کلو، امرود 180 روپے کے بجائے 250 روپے فی کلو اور قندھاری انار 720 روپے کے بجائے ایک ہزار روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔انگور کی سرکاری قیمت 715 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں صارفین کو یہ 900 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ مسمی بھی سرکاری نرخ 160 روپے فی درجن کے بجائے 200 روپے فی درجن فروخت کی جا رہی ہے۔

سبزیوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخ نظر انداز
پھلوں کے ساتھ سبزیوں کی قیمتوں میں بھی شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف نہیں مل سکا۔ مارکیٹ میں میتھی 80 روپے، ٹماٹر 90 روپے اور شملہ مرچ 190 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ مٹر 150 روپے اور گھیا کدو 120 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔سرکاری نرخ نامے اور اوپن مارکیٹ کی قیمتوں میں واضح فرق کے باعث شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیاء خریدنے کے لیے اضافی رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود دکانوں پر ان پر عمل درآمد دکھائی نہیں دیتا۔

ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر پھلوں اور سبزیوں کی فروخت نے ضلعی انتظامیہ کی نگرانی اور قیمتوں پر کنٹرول کے نظام پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔