لاہور سمیت شہر بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگی اشیائے خورونوش خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ اوپن مارکیٹ میں متعدد اشیاء سرکاری نرخ نامے سے کہیں زیادہ قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
مارکیٹ سروے کے مطابق نیا کچا آلو درجہ اول کی سرکاری قیمت 22 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود 40 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح پیاز 80 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو اور ٹماٹر 40 روپے کی بجائے 60 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔دیگر سبزیوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کریلا 50 روپے کے بجائے 70 روپے فی کلو، مٹر 145 روپے کی بجائے 200 روپے فی کلو، شملہ مرچ 165 روپے کے بجائے 200 روپے فی کلو اور سبز مرچ 75 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔اسی طرح بند گوبھی 60 روپے کے بجائے 80 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ پھول گوبھی کی قیمت 150 روپے فی کلو برقرار ہے۔ مجموعی طور پر بیشتر سبزیوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو تک اضافی وصولی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پھلوں کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں مختلف اقسام کے پھل سرکاری نرخوں کے مقابلے میں 50 روپے فی کلو تک مہنگے فروخت کیے جا رہے ہیں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، گرانفروشی کے خلاف کارروائی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔