لاہور کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں سرکاری نرخ اور عملی فروخت کے درمیان نمایاں فرق برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو متعدد اشیائے ضروریہ مقررہ قیمتوں سے زائد پر خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
مارکیٹ میں آلو 30 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 50 روپے کلو، پیاز 205 کے مقابلے میں 250 روپے اور ٹماٹر 170 کے بجائے 290 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ لہسن کی سرکاری قیمت 270 روپے کے مقابلے میں 390 روپے جبکہ ادرک 320 کے بجائے 400 روپے کلو میں دستیاب ہے۔اسی طرح بھنڈی 200 کے بجائے 250 روپے، کریلا 130 کے مقابلے میں 160 روپے، ٹینڈے 170 کے بجائے 250 روپے اور اروِی 70 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 120 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 240 روپے مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 290 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔ انگور 560 روپے کے بجائے 700 روپے، آڑو 300 کے مقابلے میں 380 روپے اور سیب 350 کے بجائے 400 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ کیلے کی سرکاری قیمت 180 روپے فی درجن ہے جبکہ بازار میں 200 روپے درجن وصول کیے جا رہے ہیں۔امرود بھی 180 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے اوپن مارکیٹ میں 290 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور مقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔