اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں سرکاری نرخ نامے سے تجاوز کر گئیں

اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں سرکاری نرخ نامے سے تجاوز کر گئیں

لاہور کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں سرکاری نرخ نامے اور عملی فروخت کے درمیان نمایاں فرق برقرار ہے، جہاں متعدد اشیاء سرکاری قیمتوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

سبزیوں میں آلو کی سرکاری قیمت 30 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم بازار میں یہ 50 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کا سرکاری نرخ 195 روپے مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں 250 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ٹماٹر ملکی کی سرکاری قیمت 135 روپے مقرر ہے، جبکہ بازار میں اس کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ لہسن ہرنائی کا سرکاری نرخ 270 روپے کے مقابلے میں 390 روپے فی کلو، جبکہ ادرک 320 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔اسی طرح بھنڈی 200 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 250 روپے، کریلا 130 کے بجائے 160 روپے، ٹینڈے 170 کے بجائے 250 روپے، اروی 70 کے بجائے 120 روپے اور شملہ مرچ 240 کے بجائے 290 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

پھلوں میں بھی سرکاری نرخ اور مارکیٹ قیمتوں میں نمایاں فرق دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انگور کی سرکاری قیمت 560 روپے مقرر ہے، تاہم بازار میں 700 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ آڑو 300 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 380 روپے، سیب 350 کے بجائے 400 روپے فی کلو اور کیلا 180 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 200 روپے درجن فروخت ہو رہا ہے۔امرود کی سرکاری قیمت 180 روپے مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں 290 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے اور عملی بازار قیمتوں میں نمایاں فرق کے باعث انہیں سبزیاں اور پھل مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے سرکاری نرخ نامے پر مؤثر عملدرآمد اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔